(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مزید مہنگائی آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کال دوں تو تیاری سے نکلنا ہے اور اس بار ڈور ٹو ڈور جائیں گھر جا جا کر بتائیں کہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔
راولپنڈی ایگزیکٹو کونسل کے ممبران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک اپنی حقیقی آزادی کیلئے بڑی اہم جدوجہد کر رہا ہے, 30 سال تک ملک کو لوٹنے والوں کو امریکی سازش کے تحت ہم پر مسلط کیا گیا اور 2 ماہ میں انہوں نے ملک کا کیا حال کر دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے 3 سال مہنگائی کے نام پر مہنگائی مارچ کئےاور انہوں نے 2 مہینوں میں وہ تاریخی مہنگائی کی جو ہم نے ساڑھے 3 سال میں نہیں کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو ہمارے کارکنان پر ظلم کیا گیا، ہمیں ہمارے پر امن احتجاج کے جمہوری حق سے روکنے کی کوشش کی گئی کیونکہ ان کو ڈر تھا کہ عوام سڑکوں پر نکل آئی تو ان کیلئے خطرہ ہو گا۔
ن کا کہنا تھا کہ 25 کو پر امن مارچ کیلئے تیاری کی تھی لیکن اندازہ نہیں تھا کہ حکومت جواب میں وہ سب کرے گی جو ہوا، نہ عورتوں کو دیکھا نہ بچوں کو ظلم کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 70 سال میں کبھی قوم کو ایسے متحد نہیں دیکھا جیسے ان کے خلاف ہوئی ہے جس میں ملک کا مزدور اور کسان طبقہ ساتھ ہے اور گھر میں بیٹھی خواتین، نوجوان طلباء اور پروفیشنلز بھی تیار ہیں۔