بجلی 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

15 Jun, 2022 | 12:32 PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) نیپرا نے بجلی 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بجلی کمپنیوں نے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی جس پر نیپرا نے آج سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، بجلی کی قیمت میں اضافہ 42 پیسے فی یونٹ بنے گا اور صارفین سے اضافی وصولی تین ماہ کیلئے ہوگی، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے10 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ مانگی تھی، ٹیسکو نے4 ارب34 کروڑ، پیسکو 2ارب 7 کروڑ، گیپکو ایک ارب 97 کروڑ، آئیسکو ایک ارب، میپکو ایک ارب 80 کروڑ اور حیسکو نے ایک ارب91 کروڑ روپے وصولیوں کی درخواست کی تھی۔

نیپرا حکام نے کہا کہ بجلی کمپنیوں نے مکمل اعداد و شمار نہیں دیئے، چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ڈسکوز کا ایک ہی کام ہے وہ ہے بجلی بیچنا اور بجلی کمپنیاں ایک ہی کام کو بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی ان لمٹیڈ کیش سہولت کے ساتھ اے ٹی ایم تو نہیں کھولے بیٹھے، ڈسکوز کی ریکوریز کی شرح85فیصد ہے، باقی سرکلر ڈیٹ کا حصہ بنتا ہے، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آدھا رہ گیا ہے ،بجلی گھروں سے جو معاہدے کیے ہیں وہ تو اداکرنے ہیں، چیئرمین نیپرا نے کہاکہ نیپرا نے ہر سطح پر ایشو اٹھایا ہے کہ کمپنیوں کی نجکاری کی جائے۔ 

مزیدخبریں