ویب ڈیسک: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18رنز سے شکست دیدی ہے, کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دئیے گئے 159 رنز کے ہدف میں لاہور کی ٹیم140 رنز بناسکی.
تفصیلات کےمطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دئیے گئے 159 رنز کے ہدف میں لاہور کی ٹیم140 رنز بناسکی،پوری ٹیم 20 اوورز کھیلنے سے قبل ہی پویلین لوٹ گئی۔ لاہور کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں،فخر زمان 12،سہیل اختر صفر،ذیشان اشرف 16،محمد حفیظ ایک، بین ڈنک چھ اور راشد خان آٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندر کی جانب سے ٹم ڈیوڈ نے کچھ مزاحمت دکھائی وہ 27 گیندوں پر 46 رنز بناکر عثمان شنواری کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔شاہین شاہ آفریدی 12 ،احمد دانیال تین ،حارث رؤف 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان خان شنواری اور خرم شہزاد نے تین تین، محمد نواز اور محمد حسنین نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ جلدی ہی گرگئی اور عثمان خان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوئٹہ نے محتاظ انداز سے بیٹنگ جاری رکھی۔نویں اوور میں کیمرون ڈیلپورٹ 10رنز بناکر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔کیمروں ڈیلپورٹ کے بعد اعظم خان بیٹنگ کے لیے جنہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 33 رنز بنائے ،ان کی مختصر اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،اعظم خان فاسٹ باؤلر فولکنر کا نشانہ بنے۔محمد نواز چھ رنز بناکر فولکنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے،ویڈرلیڈ 48 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد 34 اور حسان خان 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔