3800 نمبردار گرانٹ سمیت بحال

15 Jun, 2021 | 09:54 PM

M .SAJID .KHAN

(سعودبٹ)نمبرداری نظام بحالی کی طرف حکومت پنجاب کا اہم قدم، صوبہ بھر کے 3800 نمبردار بحال،نمبرداروں کی گرانٹ بھی بحال کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے نمبرداروں کے اور حکومت پنجاب کے درمیان اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے کی جبکہ صوبائی وزیر زراعت اورصوبائی وزیر کالونیز بورڈ آف ریونیو اجلاس میں موجود تھے، بابر حیات تارڑ کا کہنا تھا کہ نمبرداری نظام کو از سر نو تشکیل دیا جا رہا ہے،نمبردار نظام کے تحت نمبرداروں سے 22 اقسام کے اہم کام سر انجام دیتے جاتے ہیں۔

بابر حیات تارڑ نے کہا کہ نمبرداری نظام بحالی سے سرکاری اراضی کی بازیابی میں سہولت کاری، سکولوں میں طلبہ کے داخلہ کو یقینی بنانا، قدرتی آفات سے نمٹنے سمیت دیگر اہم کاموں میں مدد ملے گی،بابر حیات تارڑ نے مزید کہا کہ نمبرداروں کے لئے نمبرداری گرانٹ بھی بحال کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ نمبرداری نظام کی بحالی کے لئےحکومت پنجاب نے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کیاتھا، بورڈ آف ریونیو کے مراسلے کے مطابق نمبرداروں کو حاصل سرکاری اراضی وفات یا نمبردار کی تبدیلی پر واپس نہیں لی جائے گی، حکومت پنجاب کے احکامات پر فیصلہ بورڈ آف ریونیو کی فل بورڈ میٹنگ میں ہوا، محکمہ ریونیو نے اس حوالے سے پابندی ختم کرنے کا مراسلہ پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھجواگیاتھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نمبردار تکمیل ریکارڈ بابت سرکاری وصولیوں کوبھی دیکھیں گے، ناجائز تجاوزات کی بابت رپورٹس بھی نمبردار وں کی ذمہ داری ہوگی،اس نظام کےتحت سرکاری عمارتوں کوپہنچنےوالےنقصان بارےرپورٹ بھی نمبرداری نظام کی ذمہ داری ہوگی،کلکٹر ضلع کی جانب سے دیئے جانے والےاحکامات کی تعمیل بھی نمبرداروں کی ذمہ داری ہوگی۔
 
 

مزیدخبریں