انصاف کب ملےگا؟طاہر القادری کا عمران خان سے دوٹوک مطالبہ

15 Jun, 2021 | 06:51 PM

M .SAJID .KHAN

(قذافی بٹ)قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کاکہناہے کہ سات سال گزر گئے سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کے منتظر ہیں،عمران خان کی کرسی میں شہدا کا خون شامل ہے، تین بڑے اداروں کے سربراہوں نے انصاف کا وعدہ کیا لیکن انصاف نہیں ملا،خود جاننا چاہتاہوں کہ کون انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہے؟

تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہورمیں بیرون ملک سے آڈیولنک پرخطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹائون پر انصاف نہ ملنے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے کارکنوں پر قائم مقدمات کو ایگزیکٹو آرڈر کےذریعے ختم کرنے اور انصاف کی جلد فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقتدار کی کرسی میں شہدا کا خون شامل ہے اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے انصاف کب ملےگا؟ کون رکاوٹ ہے؟

مزید پڑھئے: طاہر القادری حکومت سے نالاں؛ بڑا فیصلہ کرلیا

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف نے ہاتھ میں ہاتھ ملاکر وعدہ کیا سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف دوں گا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بسمہ کےسر پر ہاتھ کر انصاف کا وعدہ کیا اور وزیراعظم عمران خان نے ہم آواز ہوکر سانحہ ماڈل ٹائون کاانصاف دلوانے کا وعدہ کیاتھا، ساڑھے سات سال ہوگئے انصاف تو ملنا دور کی بات دروازہ بھی نہیں کھلا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کےلئے حکومت کے خلاف احتجاج سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ عدالت عظمی میں سڑکوں پر احتجاج نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا اورآج بھی اس پرقائم ہیں، عدالت کا ہی دروازہ کھٹکھٹائیں گے، سیاست سے ریٹائرمنٹ کااعلان کرچکا ہوں سیاست میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ان کاکہناتھاکہ بندوق ٹینک یا دہشت گردی کا طرز عمل اختیار کرکے انصاف لیناان کا طرز عمل نہیں ہے۔

مزیدخبریں