(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے 29 بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے دیا، بازیاب ہونے والوں میں خواتین، مرد اور بچے شامل ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس امجد رفیق نے محمد سرور کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے محمد عمران ادریس ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ چھانگا مانگا میں بھٹہ مالک چودھری مجید اور ادریس درخواستگزار کے رشتے داروں سے جبری مشقت لے رہا ہے، سرکاری ریٹ کے مطابق اینٹیں بنانے کی اجرت نہیں دی جاتی۔ درخواستگزار وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ان مزدوروں کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے، جبکہ بھٹہ مالک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مزدوروں سے جبری مشقت لینے کا الزام درست نہیں، مزدور معاہدے کے مطابق اجرت لے کر مرضی سے بھٹے پر کام کر رہے ہیں، حبس بے جا میں رکھنے کا الزام درست نہیں۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 29 بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔