(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بوڑد کو قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ پر بھجوانے کی اجازت مل گئی ، پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان نے پی سی بی میں ہونے والی تبدیلیوں پر اعتماد کا اظہار کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں چیئرمین نے وزیر اعظم کو دورہ انگلینڈ کی تیاریوں سے آگاہ کیا، ذرائع کے مطابق پی سی بی کو تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ قومی ٹیم کو انگلینڈ بھجوانے کی اجازت مل گئی ہے، وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم کھیل میدان جلد سے جلد آباد دیکھنا چاہتے ہیں۔ کھلاڑی میدان میں ایکشن میں ہوں گے تو کھیل کی بہتری ہوگی اوردورہ انگلینڈ میں کھلاڑیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کا طویل دورہ کرنا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نے چیئرمین پی سی بی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین کو کرکٹ کی بہتری کے لئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کرکٹ بورڈ کے معاملات شفاف طریقے سے چلائے جائیں، کورونا کے دنوں میں کسی کو بھی پی سی بی میں ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا جولائی اگست میں انگلینڈ کا دورہ شیڈول ہے اور 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جاناہے لیکن کورونا کی صورت حال میں سیریز کے شیڈول میں ردو بدل کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ سیریز کی کپتانی اظہر علی کریں گے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہوں گے۔