یونیورسٹیز اور کالجز کیلئے 26 ارب سے زائد روپے مختص

15 Jun, 2020 | 10:25 PM

Malik Sultan Awan

(اکمل سومرو) پنجاب میں جنرل یونیورسٹیز، کالجز کی مد میں 24 ارب 16 کروڑ 84 لاکھ 69 ہزار روپے مختص،  گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کو صرف 94 لاکھ روپے ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں کی مد میں 26 ارب روپے سے زائد بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ بجٹ دستاویز کے مطابق پروفیشنل کالجز اور ٹیکنیکل یونیورسٹیز کی مد میں دو ارب 74 کروڑ 25 لاکھ 44 ہزار روپے،  پنجاب میں آرکائیوز، لائبریریز اور میوزیمز کیلئے 36 کروڑ 97 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پنجاب نیشنل میوزیم آف سائںس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے تین کروڑ 58 لاکھ روپے، پنجاب پبلک لائبریری کیلئے سات کروڑ 38 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی آف جھنگ کیلئے 9 کروڑ 23 لاکھ، یونیورسٹی آف اوکاڑہ کیلئے 9 کروڑ 26 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف میانوالی کیلئے 23 کروڑ 90 لاکھ روپے، یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کیلئے 34 کروڑ 80 لاکھ روپے، آئی ٹی یونیورسٹی کیلئے 41 کروڑ 56 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔  گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کیلئے 94 لاکھ 61 ہزار، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کیلئے 12 کروڑ 77 لاکھ روپے، ایجوکیشن یونیورسٹی کیلئے 15 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔  کینیرڈ کالج کیلئے تین کروڑ 57 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کو جون کے مہینے کی فیسوں کی ادائیگی کر دی گئی، سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کے ڈیٹا کی چھان بین کے بعد فیسوں کی ادائیگی کی گئی ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کو فیسوں کی ادائیگی کے لیے بینک میں فنڈز ٹرانسفر کر دیے ہیں۔

پیف حکام کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کو جون کی ادائیگی ادا کر دی گئی ہے، تمام پروگرامز کے سکولوں کی جون کی رقوم بینکوں سے وصول کی جائے گی۔ پیف حکام کے مطابق سکولوں کو یہ رقوم بچوں کی فیس کی مد میں ادا کی جاتی ہیں جبکہ دوسرے تمام اخراجات کی ادائیگی سکول مالکان کی ذمہ داری ہیں۔

مزیدخبریں