(رضوان نقوی) کورونا وائرس کےملک میں بڑھتے کیسز اور اموات نے خوف وہراس پھیلا دیا، کورونا وائرس سےڈی جی ٹرانزٹ ٹریڈ محمد زاہد کھوکھر انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس محمد زاہد کھوکھر کا تبادلہ کرکے ڈی جی ٹرانزٹ ٹریڈ جبکہ عبدالرشید شیخ کو ڈی جی کسٹمز انٹیلی جینس تعینات کیا گیا۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والےڈی جی افغان ٹرانزٹ محمد زاہد کھوکھر انتقال کرگئے۔محمد زاہد کھوکھر چند روز قبل کرونا وائرس کا شکار ہوئے۔کسٹمز سروس کےمحمد زاہد کھوکھر3روز قبل گریڈ 22میں پرموٹ ہوئے تھے۔محمد زاہد کھوکھر ملک بھر سے گریڈ 22میں ترقی پانے والے اکلوتے کسٹمز آفیسر تھے۔
زاہد کھوکھر کے اہلخانہ کے مطابق انہیں گزشتہ روزکراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، انہیں کوئی اور مرض لاحق نہیں تھا جبکہ گھر کے دیگر افراد بھی کوروناوائرس سے متاثر نہیں ہیں۔اہلخانہ کے مطابق محمد زاہد کھوکھر نے فیس بک پر آخری پوسٹ گریڈ 22 میں ترقی اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی تھی، پوسٹ میں انہوں نے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ پاکستان کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کی میت آج دوپہر لاہور روانہ کی جائے گی جہاں ان کی تدفین ماڈل ٹاؤن میں کی جائے گی۔محمد زاہد کھوکھر ممبر کسٹمز,ڈی جی کسٹمز انٹیلی جینس کی اہم ترین آسامیوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔محمد زاہد کھوکھر کا شمار کسٹمز سروس کے بہترین افسران میں ہوتا تھا۔
واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 5 ہزار 2 سو 48 نئے کیس سامنے آئے۔ملک میں کورو نا کیسزکی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 4 سو 78 ہوگئی۔ 24 گھنٹے کے دوران مزید 97 افراد جان سے گئے۔مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 7 سو 29 ہوگئی۔نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکےتازہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29ہزار85 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5ہزار248 کے نتائج مثبت آئے جس کے بعدمتاثرہ مریضوں کی تعداد1لاکھ 44 ہزار478 ہوگئی۔
پنجاب میں سب سے زیادہ 54 ہزار138 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ سندھ 53 ہزار805 ، خیبرپختونخوامیں 18013،اسلام آبادمیں 8569 ، بلوچستان 8177 ،گلگت بلتستان 1129 اور آزاد کشمیرمیں تعداد 647 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کرونا سے 97 اموات ہوئیں جس کے بعد تعداد 2729 ہوگئی سب سے زیادہ پنجاب میں 1031 اموات ریکارڈ کی جاچکی ہیں ، سندھ 831 اور خیبرپختونخوا میں 675 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک کے 820 ہسپتالوں میں 8 ہزار471 مریض زیرعلاج ہیں، ابتک 53 ہزار721 مریض کورونا وائرس کو شکست بھی دے چکے ہیں۔