سوشل سکیورٹی حکام کی پھرتیاں

15 Jun, 2020 | 11:50 AM

Azhar Thiraj

سعود بٹ : سوشل سکیورٹی حکام کی سیکرٹری لیبرکو سب اچھا کی رپورٹ پیش کرنے میں پھرتیاں،انسداد کورونا کے حوالے سے ماسک اورکٹس فراہمی کےبغیرہی سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے سربراہوں سےرپورٹ طلب کرلی۔


کورونا وبا کےدوران محکمہ سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی پرچیزکمیٹی چار ماہ گزر جانے کے باوجود ایک کروڑ 50لاکھ 90 ہزار کےماسک اور کٹس کی خریداری ممکن نہ بنا سکی،ذرائع کے مطابق سامان کی عدم دستیابی کے باوجود حکام کی طرف سےہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام ایم ایسز اپنےہسپتال عملے کے پاس کٹ سمیت انسدادِ کورونا اقدامات کا سرٹیفیکیٹ پیش کریں۔


ذرائع کےمطابق سیکرٹری کےآرڈر پرعملدرآمد کیلئےہسپتالوں کےایم ایسزنےجواب دیا کہ ہمارے پاس کٹس اور ماسک موجود نہیں جبکہ کٹس کی فراہمی کیلئے رواں ماہ زائد بجٹ جاری کیا جائے،مذکورہ معاملےپر ہیڈ کوارٹر کیجانب سےموقف اختیار کیا گیا کہ ماسک اور کٹس کی خریداری کا ٹینڈر فائنل سٹیج پر ہے،جلد کٹس فراہم کردی جائیں گی۔


ذرائع کے مطابق سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو چار ماہ سےماسک اور کٹس کی عدم دستیابی پرشدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ہسپتال عملہ کٹس اورماسک کی مد میں مخیر حضرات اور این جی اوز کی امداد سےہسپتالوں کے امور چلا رہےہیں۔ 

یاد رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 67 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2663 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 142263 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک پنجاب میں کورونا سے 969 اور سندھ میں 831 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 675 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 85، اسلام آباد میں 75 ، گلگت بلتستان میں 16 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ لاہور میں مزید5 مریض جاں بحق،ابتک اموات 330 ہو گئیں ، سوشل سکیورٹی ہسپتال کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر غلام حسین بھی وبا سے انتقال کر گئے،24گھنٹوں میں 1331 نئے کیسز کےبعد مصدقہ مریض 26 ہزار 429 ہوگئے۔

 

مزیدخبریں