کورونا کیسز بڑھنے سے ہسپتالوں میں جکہ کم پڑنے لگی

15 Jun, 2020 | 08:39 AM

Shazia Bashir

شہر بھر سے (عمر اسلم، رضوان نقوی، قذافی بٹ، بسام سلطان، سعود بٹ) لاہورمیں مزید1331 افراد میں وائرس کی تصدیق، مریضوں کی تعداد 26 ہزار429  ہوگئی، مزید5 افراد جان کی بازی ہار گئے، شہر میں اموات کی تعداد 330 ہوگئی۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے2514  نئے کیس سامنے آگئے  جس کے بعد تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد601ً52 ہو گئی۔ سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ میں ڈاکٹر غلام حسین کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے24 گھنٹے کے دوران مزید 31 افراد چل بسے اس طرح کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد  969 ہو چکی ہے۔

 

اب تک  3 لاکھ 38 ہزار714 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد17  ہزار560 ہو گئی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری 1033 پر رابطہ کریں۔ کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے بیشتر ہسپتالوں کے ہائی ڈپنڈنسی یونٹ اورآئی سی یو مریضوں سے بھر گئے۔

 

میو ہسپتال میں تقریبا 89 فیصد ہائی ڈپنڈنسی یونٹ اور86 فیصد آئی سی یو کے بیڈ مریضوں سے بھرگئے۔ جناح ہسپتال کا ایچ ڈی یو اور آئی سی یو کورونا مریضوں سے بھرا پڑا ہے۔ سروسز ہسپتال ایچ ڈی یو 93 فیصد جبکہ آئی سی یومیں100 فیصد مریض ہیں۔ جنرل ہسپتال اور کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے ایچ ڈی یو اور آئی سی یومیں نئے مریضوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

 

گنگارام ہسپتال کا ایچ ڈی یو80 فیصد جبکہ آئی سی یو 90 فیصد مریضوں سے بھرگیا۔ یکی گیٹ ہسپتال میں مریضوں کے لئے صرف چندبیڈمیسرہیں۔ شہباز شریف کی اہلیہ کا ملازم بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا۔ تہمینہ درانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گھر کے ملازمین کے بھی ٹیسٹ کرائے گئے۔

ویٹرمحمد بخش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد محمد بخش نے  خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر غلام حسین ریٹائرمنٹ کے بعد سوشل سکیورٹی ہسپتال میںکنٹریکٹ پر بطور ماہر امراض چشم خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر غلام حسین نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنی رہائشگاہ پرقرنطینہ کررکھا تھا، انہیں سانس لینے میں دشواری پرہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 

کسٹمز سروس کے گریڈ بائیس کے افسرڈی جی ٹرانزٹ ٹریڈ محمد زاہد کھوکھرمیں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ انہوں نے بھی خود کو اپنی رہائشگاہ پرخود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ دوست احباب اور کسٹمز افسران نے محمد زاہد کھوکھر کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 

 کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے سرکاری ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ تحریک انصاف شمالی لاہور کے صدر ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان پوری فیملی سمیت کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ پی ٹی آئی رہنما نے ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق اپنے آپ کو پوری فیملی سمیت گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

غلام محی الدین دیوان نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے خاتمے کے لئے قوم کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیراہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھنے کے لئے حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کے سوشل میڈیا سٹاف کے دو ممبر میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص، ٹیسٹ مثبت آنے پر محمد شعیب اور محمد فیصل کوآئسولیشن میں بھیج دیا گیا۔

مزیدخبریں