سٹی42: ریلوے انتظامیہ کا فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں دس فیصد اضافے کا اعلان، وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 30 جون کوعمران خان راولپنڈی سے سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر میں وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 35 مسافر اور چار فریٹ ٹرینیں چلانے کے بعد نئی ہائی سپیڈ ٹرین چلانے جا رہے ہیں، ایم ایل ون کے لیے پیسے مل گئے ہیں جسکا پی سی ون بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا ایک ماہ میں کام مکمل ہوجائے گا جس سے تمام افراد گھر بیٹھے ٹرینیں دیکھ سکیں گے، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے انکوائری نمبر 117 کو یوفون کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یوفون کے کال سینٹر سےمسافر ٹکٹ بھی بک کرا سکیں گے جبکہ تمام گاڑیوں میں یوفون انٹر نیٹ سروس دے گا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے ریزرویشن آفس چوبیس گھنٹےکھلنے سے40 کروڑ روپےکا اضافی ریونیو حاصل ہوا ہے، ریلوے ٹی ایل اے ملازمین کو کنفرم کرنےکی پوری کوشش کریں گے، شیخ رشید نے فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے تمام ریلوے سٹیشنوں پرفلموں کی مفت شوٹنگ کا اعلان بھی کیا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مسافر ٹرینوں میں نفع اور فریٹ ٹرینوں کا ٹارگٹ بڑی مشکل سے پورا ہوا، 24اگست کوان کا ایک سال پورا ہوگا اور اس دن وہ اپنی کارکردگی بتائیں گے۔