پی ٹی آئی پر پابندی کا اقدام حکومت کے گلے پڑ جائے گا:سینئر اینکر شاہزیب خانزادہ

15 Jul, 2024 | 07:15 PM

سٹی42 : وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف  پر پابندی عائد کرنے کے بیان کے بعد سینئر اینکراور تجزیہ کارشاہ زیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ کرکے آج ایک خبر بنا دی جو کچھ روز بعد حکومت پر الٹا پڑ جائے گی،کیونکہ حکومت کو تحریک انصاف پر پابندی کیلئے پھر سپریم کورٹ میں جانا پڑے گااور سپریم کورٹ سے حکومت کو وہ ریلیف ملنا نہیں کیونکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت 11ججز نے پی ٹی آئی کو ایک پارٹی کے طور پر مانا ہے۔

  شاہ زیب خانزادہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور ان کی اتحادیوں کا تحریک انصاف پر پابندی کا اقدام مایوس کن ہے،اس میں تو کوئی شک ہی نہیں ہے،ان کا کہناتھا کہ سپریم کورٹ سے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ آیا ہے ،سپریم کورٹ کے 13میں سے 11ججز جن میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل ہیں وہ تسلیم کرتے ہیں کہ تحریک انصاف ایک پارلیمانی جماعت ہے،اس فیصلے کے دو دن بعد حکومت اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ تحریک انصاف  پر پابندی کا فیصلہ کرتی ہے،یہ یقیناً مایوس کن اقدام ہے۔

 سینئر اینکرپرسن کاکہناتھا کہ آپ اس طرح کرکے تحریک انصاف کو جواب دے رہے ہیں یا سپریم کورٹ کو جواب دے رہے ہیں،اگر سپریم کورٹ کو جواب دے رہے ہیں تو آپ آئندہ چار آنے والے چیف جسٹس صاحبان کو جواب دے رہیں، مجھے لگتا ہے کہ حکومت نے آج یہ ایک خبر بنا دی جو کچھ روز بعد حکومت پر الٹا پڑ جائے گی،کیونکہ حکومت کو تحریک انصاف پر پابندی کیلئے پھر سپریم کورٹ میں جانا پڑے گا، جیسا کہ آج اعلان بھی کیا ہے اور قانون کے مطابق بھی ایسا ہی ہے، سپریم کورٹ سے حکومت کو وہ ریلیف ملنا نہیں ہے۔

 شاہ زیب خانزادہ نے کہاکہ 9مئی کے واقعات کی بات کی جارہی ہے جو یقیناً ایک افسوسناک واقعہ تھا،ایک دہشتگردانہ کارروائی تھی ریاستی اداروں پر حملہ ہوا،کیا اس حملے کو صرف سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا یا کہیں کچھ ثابت کیا گیا،جب کچھ ثابت نہیں ہواتو سپریم کورٹ میں جا کر آپ کیسے پابندی لگا دیں گے،سینئر صحافی کا کہناتھا کہ سائفر عمران خان نے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا،اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال کیا، ملک کے تعلقات کو خطرے میں ڈال دیا، مگر حکومت نے بھی سائفر کیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا،انتخابات سے قبل عمران خان کو سزا دلانے کیلئے ایسا ٹرائل کیا کہ ہائیکورٹ نے اسے کالعدم قرار دیدیا،اس کی بنیاد پر سپریم کورٹ جا کر آپ کیسے پابندی لگوا لیں گے۔

  شاہ زیب خانزادہ نے کہاکہ فارن فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ ضرور موجود ہے،کیا وہ فیصلے حتمی مرحلے میں پہنچ گیا ہے کہ آپ سپریم کورٹ جائیں گے اور تحریک انصاف پر پابندی لگوا لیں گے،ان کاکہناتھا کہ قاسم سوری نے غیرآئینی کام  کیا تھا ،عمران خان اور عارف علوی بھی اس کا حصہ بنے تھے،اس معاملے کو بھی آپ نے بہت ٹائم دے دیا ہے دو سال ہو گئے ہیں،حکومت افسوس کااظہار کر چکی ہے  کہ ہمیں اس وقت ریفرنس فائل کرنا چاہئے تھا،مگر نہیں کیا گیا،دو سال بعد اس معاملے پر عدالت جائیں تو کیسے ریلیف لے لیں گے۔
 

مزیدخبریں