یوم عاشورہ :موبائل فون سروس بند ہوگی یا نہیں ؟ حتمی فیصلہ آگیا

15 Jul, 2024 | 03:47 PM

قیصر کھوکھر:نویں اور دسویں محرم الحرام کو پنجاب کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند رہے گا یا نہیں ؟ حکومت نے حتمی فیصلہ جاری کردیا۔ 

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ حساس مقامات پر جزوی طور پر صرف جلوس کے راستوں میں موبائل سروس بند ہوگی جبکہ ہوم سیکرٹری پنجاب نے موبائل سروس بند نہ کرنے والی خبر کی تصدیق کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ محرم میں لاہور میں موبائل سروس بند نہیں ہو گی۔

موبائل فون سروس صرف جلوس و مجالس والے علاقوں میں معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کسی بھی شہر میں مکمل طور پر موبائل سروس معطل نہیں کی جائے گی۔ اکثریتی اضلاع میں 9 اور 10 محرم کو صبح 8 سے رات 10 بجے تک جزوی طور پر موبائل سروس بند رہے گی۔ لاہور ، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، اٹک، جہلم اور چکوال ، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں موبائل فون سروس بحال رہے گی۔

دوسری جانب گوجرانوالہ، نارووال ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی۔ منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد اور راجنپور ، فیصل آباد، بہاولنگر اور حافظ آباد میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی۔ راولپنڈی میں 28 مقامات، رحیم یار خان 15، میانوالی اور بہاولپور میں 11 پر موبائل سروس معطل رہے گی جبکہ  لیہ میں 10، مظفرگڑھ 7 اور ننکانہ صاحب میں 6 مقامات پر موبائل سروس بند رہے گی۔

واضح رہے کہ ان علاقوں میں موبائل سروس کی بندش نویں اور دسویں محرم الحرام کو ہوگی۔امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کیلئے مخصوص مقامات پر موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں