ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارشیں ہی بارشیں ، محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی

بارشیں ہی بارشیں ، محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فاطمہ عارف، عائمہ خان, کومل اسلم:محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ کئی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز ہوا چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

 اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کاامکان ہے، رات کو چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام/رات میں مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔

 دیر، سوات،چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ، صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ جنوبی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ژوب، بارکھان،موسیٰ خیل،لورالائی، شیرانی،کوہلو، جھل مگسی، خضدار اورلسبیلہ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

 سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، گھوٹکی اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

 کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ا برآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 8 اور 9 محرم کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں۔

 ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے،ان کا کہنا تھا کہ جلوسوں کی انتظامیہ موسمی شدت مدِنظر رکھ کر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ رکھیں۔

 ترجمان کے مطابق خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے کہا کہ دریائوں، ندی اور نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کریں، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 8 اور 9 محرم کو ریسکیو ادارے خاص طور پر الرٹ رہیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور  میں مون سون کا تیسرا سپیل آج شہر سے ختم ہو جائے گا جبکہ نیا سپیل رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے  جبکہ آئندہ 24 گھنٹےکے دوران شہر کاموسم خشک رہے گا،کل اورپرسوں شہرکاموسم خشک رہےگا،بدھ کی شام کےاوقات میں موسم میں بہتری کی توقع ہے، درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ شام یا رات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان بھی ہے۔ 

 کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 30.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

 محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند ہیں، شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے  اور بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، 18 جولائی سے شہر میں مون سون ہواؤں کا ایک  اورسپیل داخل ہوگا جبکہ 20 جولائی سے شہر قائد میں تیز بارش متوقع ہے۔

 کراچی میں شمال مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 73 فیصد ہے۔

 ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 28 نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا۔