بجلی کے بل نے غریبوں کو خون کے آنسو رُلا دیئے، سلطان باہو کالونی میں احتجاج

15 Jul, 2024 | 06:11 AM

ثمرہ فاطمہ:  سلطان باہوکالونی اقبال ٹاؤن کےمکین بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور  اضافی بلوں کیخلاف سراپااحتجاج ہیں۔ 
علاقہ کے مکینوں نے ہاتھوں میں بجلی کے بل تھامے بجلی کی مہنگائی پر احتجاج کیا۔انہوں نے لیسکو انتظامیہ  اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ  6،6گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے بعد بھی ہزاروں میں بل آ رہے ہیں۔  لوڈ شیڈنگ سے بچے بلبلا رہے ہیں ، کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر  ہو رہی ہیں۔

 لوگ موٹر سائیکلیں ، زیورات سمیت قیمتی اشیاءبیچ کر بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔  بجلی کی عدم فراہمی سے بچے گرمی سے نڈھال ہو جاتے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہو جاتیں ہیں۔مہنگائی بہت زیادہ ہے گزر بسر مشکل سے ہو رہا ہے۔

سلطان باہو کالونی میں ٹیلرنگ کا کام کرنے والے ایک شہری نے بتایا کہ  بجلی سارا دن بار بار بند ہوتی ہے، دو سوٹ بھی نہیں سیئے جاتے، بلی دیتے  نہیں اور بل بڑھاتے جاتے ہیں۔ ہم لوگ اتنی مہنگی  بجلی افورڈ نہیں کر سکتے، 

ایک خاتون خانہ نے  بتایا کہ گھر میں صرف ایک پنکھا چلتا ہے اور بجلی کا گیارہ ہزار روپے بل آ گیا ہے۔ آمدن نہ ہونے کے برابر، کرایہ کا مکان، یہ بل کہاں سے ادا کریں، ہم پریشان ہیں۔

شہریوں نے بتایا کہ بجلی کے بہت زیادہ بل ادا کرنے کے لئے اب شہریوں کو اپنی موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان بیچنا پڑ رہا ہے۔ 

 مکینوں نے انتظامیہ اور حکومت سے بجلی بلوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزیدخبریں