نیلم جہلم ہائیڈل پروجیکٹ دوبارہ 969 میگاواٹ سستی بجلی پیداکرنےکےقریب پہنچ گیا

15 Jul, 2023 | 05:37 PM

ویب ڈیسک: قومی گرڈ کو 969 میگاواٹ سستی ترین بجلی فراہم کرنے والا نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ جولائی کے آخر تک بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کر دے گا،  ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام مکمل ہوگیا ہے۔گزشتہ برس اس کی ٹیل ریس ٹنل کے ایک حصے کے گرنے کی وجہ سےنیلم جہلم ہائیڈل پروجیکٹ بجلی کی پیداوار معطل ہو  گئی تھی۔

چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے ہفتہ کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا تا کہ ٹیل ریس ٹنل کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے بحالی کے کاموں اور منصوبے سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے سے متعلق تیاریوں کی سطح کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر، پراجیکٹ ڈائریکٹر،کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔

 چیئرمین کو بریفنگ میں بتایا گیا  کہ ٹیل ریس ٹنل کے منہدم ہونے والے علاقے میں کنکریٹ کی لائننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ساڑھے تین کلومیٹر لمبی سرنگ میں باقی متاثرہ حصوں کو بھی مضبوط بنا دیا گیا ہے۔

ٹیل ریس ٹنل کی صفائی اور فنشنگ کا کام اگلے ہفتے شروع کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد پریشرائزیشن یعنی ٹیل ریس ٹنل میں پانی جمع کرنا شروع کر دیا جائے گا جس سے پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا۔

جنرل سجاد غنی نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ طریقہ کار  اور ٹیل ریس ٹنل پر پریشرائزیشن اور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کو موثر طریقے سے دوبارہ شروع کرنے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائنز پر  سختی سےعمل کیا جائے ۔

نیلم جہلم ایک رن آف دی ریور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہے، جس نے اپریل 2018 میں بجلی کی پیداوار شروع کی تھی۔

گزشتہ برس اس کی ٹیل ریس ٹنل کے ایک حصے کے گرنے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار معطل ہونے سے پہلے یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو 18 ارب یونٹ سے زائد بجلی فراہم کر چکا ہے۔

مزیدخبریں