ویب ڈیسک : پاکستانی کرکٹر و سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو دبئی کا گولڈن ویزا مل گیا۔ یو اے ای نے 2019 میں گولڈن ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر و سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو دبئی کا گولڈن ویزا مل گیا،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں اسٹارز کو 10 سال تک دبئی میں رہنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ شعیب ملک پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹارز میں سے ایک ہیں، وہ 2007 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جس میں پاکستان ٹیم نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ پاکستان ٹیم کو کرکٹ میں متعدد فتوحات سے ہمکنار کروانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جبکہ وہ 2009 ورلڈ ٹی20 کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے اور فائنل میچ میں شاہد آفریدی کے ساتھ مردِ بحران بھی ثابت ہوئے تھے۔
دوسری جانب ثانیہ مرزا بھارت ٹینس کا سب سے بڑا نام ہیں، انھوں نے اکیلے ہی بھارت کو ٹینس کی دنیا میں متعارف کروادیا۔
ثانیہ اس وقت لندن میں موجود ہیں، وہ حال ہی میں ہونے والے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے لیے لندن گئی تھیں۔