کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ اب بذریعہ ایس ایم ایس ملے گا

15 Jul, 2020 | 10:33 PM

Malik Sultan Awan

(زاہد چوہدری) کورونا کی تشخیص  کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ کا اہم اقدام ،  کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ اب بذریعہ ایس ایم ایس موبائل پر دیا جائے گا اور رزلٹ بھی آن لائن میسر ہوگا ۔
کورونا کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کے بعد رزلٹ بلا تاخیر فراہم کرنے کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ نے ایس ایم ایس سروس شروع کردی ہے اورٹیسٹ رزلٹ بھی آن لائن میسر ہوگا ۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ نے سرکاری لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ کروانے والے شہریوں کو رزلٹ آن لائن دیکھنے کیلئے بذریعہ ایس ایم ایس موبائل میسج بھجوانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔

سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ اب تک ایک لاکھ 30 ہزار شہریوں کو آن لائن ٹیسٹ رپورٹس دے چکے ہیں اور کورونا وبا کے دوران سرکاری لیبارٹری میں کئے گئے تمام ٹیسٹوں کا ڈیٹا بھی آن لائن میسر ہے ۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پرآن لائن ٹیسٹ رپورٹس دینے کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا کہ شہری کسی بھی دشواری کی صورت میں ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کرکے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب شہر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے کمی سلسلہ جاری ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں 114 مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ، 53 مریض آئی سی یو اور 34 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں ۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں 61 مریض آئسولیشن وارڈز ، 18 مریض آئی سی یو اور 4 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں ۔

شہر میں کورونا کے 276 نئے مریض اور 7 اموات کی تصدیق کی گئی ہے ۔ وبا کے دوران اب تک مجموعی طور پر لاہور میں 779 اموات اور 45514کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔ پنجاب میں بھی کورونا کے 553نئے کیسز اور 17 اموات ہوئی ہیں اور صوبے بھر میں مجموعی طور پر 88,045 کیسز اور 2043 اموات ہوچکی ہیں ۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے بھر میں 64148 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔

مزیدخبریں