(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ ہانیہ عامر نےسوشل میڈیا ٹرولنگ کا بھرپور انداز میں جواب دے کر ناقدین کا منہ بند کردیا۔
گزشتہ سال سے سوشل میڈیا پر گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ایک ساتھ نظر آئے جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات اور قربتوں سے متعلق باتیں کی جارہی تھیں۔دوسری جانب گلوکار عاصم اظہر متعدد انٹرویوز میں اداکارہ ہانیہ عامر کے لیے جذبات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔
عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ کے چاہنے والوں کو اب بس ان کی شادی کا ہی انتظار تھا لیکن حال ہی میں ہانیہ عامر نے لائیو سیشن کے دوران عاصم اظہر کے ساتھ تعلقات سے متعلق خاموشی توڑ دی۔ ہانیہ عامر گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو آئی تھیں جس دوران آئمہ نے عاصم اور ہانیہ کے تعلقات سے متعلق سوال کیا۔سوال کے جواب میں ہانیہ عامر نے انکشاف کیا کہ 'عاصم اور میں صرف دوست ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ نہیں ہیں، ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ نہیں کر رہے اور نہ ہی ہمارے درمیان کوئی تعلقات ہیں۔
بعض افراد نے خیال ظاہر کیا کہ عاصم اور ہانیہ کا تعلق ٹوٹ چکا ہے اور اس کی وجہ معروف ٹک ٹاکر اریکا حق ہیں جو عاصم کے حال ہی میں ریلیز کیے گئے گانے میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کا ٹرینڈ چلتا رہا۔
تاہم اب اپنی حالیہ میں پوسٹ میں ہانیہ نے تمام ٹرولز کو کرارا جواب دے دیا۔ اپنی طویل انسٹا گرام پوسٹ میں انہوں نے اپنے فالوورز کا شکریہ ادا کیا جو 3 ملین سے تجاوز کر چکے ہیں۔ اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ عاصم میری زندگی کا خوبصورت حصہ ہے اور ہمارا تعلق مثالی ہے. ہانیہ نے کہا کہ مجھے معلوم ہے پاکستانیوں کی حس مزاح اچھی ہے لیکن ایزی ہوجاؤ، سوشل میڈیا کے ٹرول سپاہیوں، بالکل فری نہ ہو اور زیادہ اوور بھی مت ہو۔