(ریحان گل) پنجاب بیت المال کونسل نے اضلاع کے فنڈز کے 1 کروڑ روپے روک لیے، چیئرمین ایڈمنسٹریٹو کمیٹی احمد ریاض کو کٹوتی کے خلاف آواز اٹھانے پر عہدے سےفارغ کردیا گیا۔
پنجاب بیت المال کونسل کو اضلاع میں مستحقین کی مالی امداد کے لیے پنجاب حکومت سے فنڈز جاری کیے جاتے ہیں، لیکن کونسل کےحالیہ اجلاس میں اضلاع کےفنڈز پر بڑا کٹ لگاتے ہوئے 1 کروڑ روپے کی رقم روک لی گئی ہے، کٹوتی کے معاملے پر جب چیئرمین ایڈمنسٹریٹو کمیٹی احمد ریاض وقاص نےاعتراض کیا تو کونسل نے نان ریگولر ممبران کا ووٹ استعمال کر کے احمد ریاض کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا،ان کی جگہ نان ریگولر ممبرکو چیئرمین ایڈمنسٹریٹو کمیٹی لگا دیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب بیت المال کونسل نے17 سالہ قانون کو تبدیل کردیا، ضلعی بیت المال کونسل کی چیئرمین شپ کے لیے اہلیت تبدیل کردی گئی، الیکشن میں حصہ لینے والے اراکین کی جگہ منتخب اراکین کا لفظ بدل دیا گیا، جس کے بعد صرف ایم اپی اے اور ایم این اے بننے والے ضلعی کونسل کے چیئرمین نہیں بن سکتےلیکن الیکشن میں حصہ لینے والے اہل قرار دے دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قانون میں تبدیلی اس لیےکی گئی ہے تاکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز اور الیکشن میں حصہ لینے والوں کو ضلعی کو نسلز میں نوازا جا سکے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی بیت المال کونسل کو 7 کروڑ روپے کے فنڈز رواں مالی سال میں جاری کیےگئے تاکہ مستحقین کی مالی مدد کی جا سکے ،کونسل فنڈز میں سے 2 فیصد امین بیت المال کے صوابدیدی فنڈز اور 10 فیصد انتظامی اخراجات کی مد میں پہلے ہی رکھ لیے جاتے ہیں۔
امین بیت المال ملک اعظم کا کہنا ہے کہ کونسل کے دیگر ممبران کو موقع دینے کے لیےچیئرمین کو تبدیل کیا گیا ہے، کورونا کے باعث راشن کی تقسیم کے لیے فنڈز روکے گئے ہیں۔