بھارتی اداکار انوپم کھیر کا خاندان کورونا وائرس کا شکار ہوگیا

15 Jul, 2020 | 01:33 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والا خطرناک کورونا وائرس بھارت میں تیزی سے پھیل رہا ہے، وائرس سے عام عوام سمیت اداکار بھی متاثر ہو رہے ہیں، بھارت میں کورونا اب تک 24,309 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، 936,181 افراد اس مہلک وائرس کی لپیٹ میں آچکے ہیں، بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کا خاندان بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی اداکار انوپم کھیر کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے  والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔اداکار نے بتایا کہ انہوں نے بھی اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔


اداکار نے بتایا کہ والدہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال کے کورونا وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہےجبکہ بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو گھر میں قرنطینہ کرلیا گیا ہے۔

انوپم کھیر نے ویڈیو پیغام میں اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاتعداد پیغامات کا علیحدہ علیحدہ جواب نہیں دے سکتے تاہم اس ویڈیو میں سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں, گھر کے جب 4 لوگ یوں عالمی وبا کا شکار ہوں تو گھبراہٹ اور مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں، تو ایسے میں مداحوں کے پیار سے بہت ڈھارس بندھا۔

انوپم کھیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ ڈاکٹروں کی اچھی دیکھ بھال کی وجہ سے والدہ اور فیملی کے دیگر لوگ جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل امیتابھ بچن کے خاندان کے 4 لوگ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور آرادھیا بچن شامل ہیں جبکہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

مزیدخبریں