ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں 6 ماہ میں ڈاکوؤں نے 60 شہریوں کی جان لی

پنجاب میں 6 ماہ میں ڈاکوؤں نے 60 شہریوں کی جان لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئرمال (علی ساہی) سوا کھرب کا بھاری بھر کم بجٹ، دوسرے محکموں سے کہیں زیادہ سہولیات کے باوجود  پنجاب پولیس شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام، رواں سال کے پہلے  6 ماہ میں ڈاکوؤں نے 60  شہریوں کی جان لے لی۔

تفصیلات کے مطابق  پہلے 6 ماہ کی رپورٹ نے پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا، پنجاب میں چھ ماہ کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے دوران 60 افراد کو مزاحمت پرقتل کردیا گیا۔ رواں سال یکم جنوری سے 30 جون تک سب سے زیادہ وسائل اور30 ہزار سے زیادہ فورس کی تعداد رکھنے والے ریجن لاہور میں 16 شہری ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔

اسی عرصہ کے دوران راولپنڈی ریجن میں ڈاکوئوں نے 11 افراد کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا جبکہ گوجرانوالہ ریجن میں 8 شہری ڈکیتی کے دوران ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ ساہیوال اور ملتان ریجنز میں 5،5، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں 4،4 افراد قتل ہوئے۔  بہاولپور ریجن میں 3، ڈی جی خان ریجن میں 2 اور سرگودھا میں ایک شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوا۔ رواں سال کے دوران ڈکیتی اور راہزی کی وارداتوں میں بھی 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کا اسٹریٹ کرائم کراچی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گیا، رواں سال اب تک 20 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے جبکہ 35  زخمی کیے گئے لیکن آبادی کے تناسب سے کراچی کے اسٹریٹ کرائم سے موازنہ کیا جائے تو لاہور میں صورتحال ابتر ہونے لگی، وسائل کی بہتات اور پٹرولنگ کرائم فائٹر فورس کے باوجود بھی شہر میں ڈکیتی قتل کی شرح ایک جیسی ہوگئی، کراچی میں محدود وسائل کے باوجود 21 افراد ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہوئے لیکن لاہور میں قتلوں کی تعداد پنجاب کے امن و امان پر سوالیہ نشان بن گئی۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کے اندراج میں اضافہ ہوا جس کو جرائم کی شرح میں اضافہ قرار نہیں دیا جاسکتا لیکن شہری حلقوں میں جرائم کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش  پولیس کی کارکردگی بیان کرنے کے لئے کافی ہے۔

Shazia Bashir

Content Writer