یاور زوالفقار: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
عبدالعلیم خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، ایف بی آر اور ان لینڈ ریونیواتھارٹی کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواستگزار ایک رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہے اور فقہ کے مطابق زکوٰۃ بھی ادا کرتا ہے اور ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا، تاہم انکم ٹیکس لیوی سپورٹ ایکٹ 2013 آرٹیکل 73 کے سیکشن 2 اے سے متصادم ہے، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر صوبائی معاملہ ہے مگر ایف بی آر نے خلاف آئین درخواستگزار انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کی وصولی کا نوٹس جاری کیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انکم سپورٹ لیوی ایکٹ خلاف آئین قرار دے کر کالعدم کرے اور ان لینڈ ریونیو اتھارٹی کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دینے کا حکم جاری کرے۔