ویب ڈیسک: پنجابی فلم"عاشق رنگ رنگیلے"کی شوٹنگ بحریہ ٹاؤن لاہورمیں کی گئی جہاں کوریوگرافر پپو سمراٹ نے اداکارنسیم وکی اور آئمہ خان پر فلم کاایک آئٹم سانگ عکسبند کرایا۔
"عاشق رنگ رنگیلے"کے فنکاروں میں افتخار ٹھاکر، قیصر پیا،نسیم وکی،ریاض ملک،ہنی شہزادی ،صدف بھٹی،بشریٰ گلفام،عباس اشرف،حمزہ شفیق،وکی کوڈو،دعا خان،امجد رانا،حسن ریاض،فانی جان،نعیم عباس،مہراختر،امان سوہنااورنور فاطمہ شامل ہیں۔
فلم کے رائٹر طارق ساحلی،ڈائریکٹر وپروڈیوسر ریاض ملک اورایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ایم اقبال عسکری ہیں جبکہ علی بودلہ فلم کے ڈی او پی اور اظہر اقبال لائن پروڈیوسرہیں۔
ڈائریکٹرریاض ملک نے سیٹ پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم کے تمام فنکاروں نے بہت محنت کی ہے بالخصوص نسیم وکی اور افتخار ٹھاکر نے بہت تعاون کیا ہے، یہ ماں وژن پروڈکشن کے بینر تلے عید الفطرپر ریلیز کی جائے گی،فلم کی کہانی بہت منفرد ہے اس میں وہ تمام لوازمات ہیں جوایک فیملی فلم میں ہونے چاہئیں، فلم کامیڈی، محبت اور جذبات پر مبنی ہے جس میں چار گانے شامل ہیں۔
اداکارنسیم وکی نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ فلم کی کہانی بہت اچھی ہے اورمیں اپنے کیریئرمیں پہلی بارپولیس والے کاکردارکررہاہوں جونیگیٹوسے پازیٹوبنتاہے۔
افتخارٹھاکرنے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں نے کئی بین الاقوامی پنجابی فلمیں کی ہیں،ان میں جدیدٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے،اب وہ جدیدٹیکنالوجی پاکستان میں بھی آگئی ہے،فلم"عاشق رنگ رنگیلے"میں بھی وہ جدیدٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے،اسی طرح صفدرملک ایک فلم"ویلکم ٹوپنجاب"بنارہے ہیں، شہزادرفیق اس فلم کے رائٹراورڈائریکٹرہیں،وہ بھی بہترین ٹیکنالوجی پر بن رہی ہے،آئندہ آنےوالی فلمیں مقابلے کی فلمیں ہیں۔
افتخارٹھاکرنے مزید کہاکہ جب تک ہم مقابلے کی فلمیں نہیں بنائیں گے پاکستان فلم انڈسٹری کااحیاء نہیں ہوگا،سال میں چندایک فلمیں کافی نہیں ،ہرہفتے فلم سینمامیں لگنی چاہیے،فلم سازی ایک منافع بخش کام ہے لیکن ہمیں اس سطح پر فلمیں بناناہوں گی جس لیول پر بین لاقوامی فلمیں بن رہی ہیں،پاکستان میں سینماسکرینز کم ہیں اس لیے ہمارے لوگ فلم بنانے سے ڈرتے ہیں کہ پچاس ساٹھ سکرینز پر ریلیز کرکے فلم کے پیسے پورے نہیں ہوتے،ہمیں صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ کے لیے فلمیں بناناہوں گی جو امریکہ،کینیڈا،یوکے اوریورپ میں ریلیزہوں اوربین الاقوامی فلموں کومات دیں،2025ء میں ہم ٹیکنالوجی کے اعتبار سے بین الاقوامی فلموں کامقابلہ کریں گے۔
فلم کا میوزک سمیع خان اور بیک گراؤنڈ میوزک ایم ارشد کا ہے،فلم کا آخری گانا مری کی حسین وادیوں میں حمزہ شفیق اوربشریٰ گلفام پر عکسبند کیا جائے گا۔