ویب ڈیسک: فلم،ٹی وی اوراسٹیج کے معروف اداکارطارق جاوید کوبچھڑے 19برس بیت گئے،آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔
طارق جاوید کا بنیادی تعلق فیصل آباد سے تھا مگرانہوں نے شوبز میں بھرپور شہرت لاہور سے حاصل کی، اسٹیج ڈرامہ"بشیرا اِن ٹربل"سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا،بے شمار اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کرنے کے ساتھ ساتھ کئی ڈراموں کی ڈائریکشن بھی کی،امان اللہ کے ساتھ ان کی جوڑی کافی مقبول تھی۔
طارق جاوید نے گھونگھٹ ،نکاح اورسلاخیں جیسی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھائے تھے،شہزاد رفیق کی فلم"محبتاں سچیاں" میں بھی انہوں نے اداکاری کرنی تھی اوران کے لیے کرداربھی لکھوایاگیاتھامگران کی وفات کے بعد وہ کردار لیجنڈ اداکارعلی اعجاز نےادا کیا۔
طارق جاوید نے اسٹیج پر کئی اداکاروں کو بھی متعارف کروایا جن میں سردار کمال ، نسیم وکی ، سخاوت ناز ، طارق ٹیڈی ، قیصر پیا ، شاہد خان سمیت دیگرفن کارشامل ہیں ۔
طار ق جاوید نے بطور پروڈیوسر دو فلمیں "وارداتیں"اور" غیرت" بھی بنائی تھیں،انہوں نے 200سے زائد اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کی ،وہ 15جنوری 2006ء کو کراؤن تھیٹر میں ڈرامے کے دوران ہارٹ اٹیک کی وجہ سے جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے،ان کی بیوہ اداکارہ شیبابٹ ہرسال ان کی برسی پرفاتحہ خوانی کااہتمام کرتی ہیں۔