ملک اشرف : مبینہ پولیس مقابلے میں تین شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ ، لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اور آر پی او شیخوپورہ سے 6 فروری کو رپورٹ طلب کرلی ،عدالت نے درخواستگزار کوکارروائی کروانے کیلئے متعلقہ افسران کو درخواست دینے کی ہدایت کردی۔
جسٹس محمد وحید خان نے مقتول حسنین کی والدہ فرح گلفام کی درخواست پر سماعت کی ، خاتون نے ایس ایچ او فیکٹری ایریا شیخوپورہ سمیت افسران کیخلاف ایف آئی اے سے انکوائری کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ،درخواست میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سمیت دیگر افسران کو فریق بنایا گیا ، درخواستگزاروکیل کے مطابق درخواستگزارکےبیٹے حافظ حسنین کو پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کر دیا، ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ سجاد اکبر اور دیگر پولیس والوں نے جعلی پولیس مقابلہ کیا، ایس ایچ او سجاد اکبر اور سب انسپکٹر رانا ابرار دیگر جعلی مقابلوں میں ملوث ہیں، ان افسران پر کلیم اللہ اور فلک شیر کو بھی جعلی پولیس مقابلے میں مارنے کا الزام ہے، وکیل درخواستگزارنے استدعا کی کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق مبینہ مقابلے میں ملوث پولیس افسران کیخلاف ایف آئی اے سے انکوائری کرائی جائے۔