محکمہ موسمیات کی موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

15 Jan, 2025 | 09:18 AM

سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور دھند رہنے کا امکان ہے۔ 

 شہر  لاہور کی فضا میں خنکی برقرار ،  سردی نے شدت اختیار کر لی۔ ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا  تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر کا موجودہ  درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے جانے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک رہی۔ شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 242 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ عسکری ٹین میں  742، فیز 8 ڈی ایچ اے میں 615، جوہر ٹاؤن میں  448، اڈا پلاٹ میں  287، جوہر ٹاؤن 247 ریکارڈ  ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو فضا کی آلودگی سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کے علاوہ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ماحول کو بہتر رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ 

 شہر قائد میں سردی کی لہر جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ  آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خشک موسم کے ساتھ خنکی بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور شمال مشرق سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔کراچی میں فضائی معیار مضر قرار دیا گیا ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 196 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں کورنگی، شاہرہ فیصل اور گلشن اقبال شامل ہیں، جہاں اے کیو آئی 200 سے تجاوز کر چکا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ صحت پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔

نارووال میں  کرتارپور اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ 5 میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے۔ شہر میں دھند کی شدت 5 میٹر جبکہ گردونواح میں مکمل طور پر صفر ہو چکی ہے۔دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک حادثات کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے، کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں بادل برسیں گے، بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑی۔لہہ میں درجہ حرارت منفی 12ریکارڈ، گوپس منفی11، استور، سکردو میں منفی 10، کالام منفی7 ریکارڈ کیا گیا، ہنزہ میں منفی6، بگروٹ منفی5، چترال اور دیگر میں منفی4ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم غالب رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

 خیبرپختونخوا   میں صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم کا امکان ہے۔  بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی ہے۔

 پنجاب میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ڈی جی خان اور ارد گرد کے علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے تاہم، مری، گلیات اور ان کے ارد گرد کے علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

 بلوچستان میں صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں  شدید سردی کا امکان ہے۔ کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور ان کے گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔  سندھ میں  صوبے کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔  سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، ٹنڈوجام اور ان کے ارد گرد کے علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھا سکتی ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں