(ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن نے سینٹ کی قرارداد کی روشنی میں عام انتخابات ملتوی کرنے سے انکار کردیا۔
الیکشن کمیشن نے ملک میں 8 فروری کو شیڈولڈ انتخابات ملتوی کرانے سے متعلق سینٹ کی منظور کردہ قرارداد پر سینٹ سیکرٹریٹ کو مراسلہ بھیج دیا،الیکشن کمیشن نے مراسلے میں کہا ہے کہ آپ کی قرارداد کا جائزہ لیا، الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی مشاورت سے 8 فروری کو پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا۔
الیکشن کمیشن کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ امن و امان کیلئے نگران حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں، سپریم کورٹ میں اس عزم کا اظہار کیا کہ 8 فروری کو انتخابات منعقد کروائیں گے جبکہ ماضی میں عام انتخابات اور مقامی حکومتوں کے انتخابات سردیوں میں ہوئے ہیں لہٰذا اس مرحلے پر الیکشن ملتوی کرنا مناسب مشورہ نہیں اور اس وقت عام انتخانات 2024 کو ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔
خیال رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹر دلاور خان نے سب سے پہلے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا، اس قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں 14 سینیٹرز موجود تھے۔
اس کے علاوہ سینٹ میں 8 فروری کو شیڈول الیکشن ملتوی کرانے کیلئے ایک اور قرارداد جمع کرائی گئی جو فاٹا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر ہلال الرحمان نے جمع کرائی۔