(قذافی بٹ) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں پنجاب پولیس میں سیاسی بھرتیوں سے نقصان ہوا، پنجاب پولیس کو امیج بہتر کرنے کیلئے بڑی محنت کی ضرورت ہے۔ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو یہ چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کیلئے سبق ہو گا۔
وزیراعظم عمران کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور صرف میرٹ پر عملداری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا۔ لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں میں وزٹ کریں۔ پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے۔ جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہو گا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔