قذافی بٹ: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ یورپ اور امریکہ کے ڈاکٹرز کورونا وائرس کے آگے بے بس ہو چکے تھے، یہ ہماری تاریخ میں لکھا جائے گا کہ کورونا وائرس کے دوران پاکستانی ڈاکٹرز نے بے مثال کام کیا۔
گورنر ہاوس میں اکیڈمی آف فیملی فیزیشنز پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ہمارے ڈاکٹرز یا دیگر پروفیشنلز جس ملک میں بھی گئے وہاں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے، یورپ میں لوگ ایشیائی ڈاکٹرز کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ہیپاٹائٹس اور ڈایابٹیز کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں ایک لاکھ بچے گندا پانی پینے کیوجہ سے آتے ہیں، گورنر پنجاب نے ڈاکٹرز کو کورونا وائرس کے خلاف جانفشانی سے لڑنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بیرون ملک بھی ہماری کورونا کیخلاف لڑائی کو سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بار مشکل وقت کا بھرپور مقابلہ کیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے بہترین اقدامات کے لئے گورنر پنجاب کا اہم کردار رہا ، گورنر پنجاب نے فیملی فیزیشن کی اہمیت کو ہمیشہ عزت دی ہے، پرائمری ہیلتھ کئیر کی اہمیت بہت زیادہ ہے، فیملی فیزیشن فرنٹ فٹ پر کرونا کے دوران لڑے۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران فیملی فیزیشن نے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر کام کیا، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کی تاریخ میں پہلی بار میڈیکل پرفیشنلز کو عزت دی گئی۔
تقریب میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر عامرزمان، اکیڈمی آف فیملی فیزیشنز پاکستان کے صدر ڈاکٹر طارق محمود میاں، نائب صدر ڈاکٹر سعید احمد، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر، ڈاکٹر ناہید ندیم، ڈاکٹر احمد نوید بھٹی، پروفیسر فرید ظفر، سہیل چغتائی سمیت پاکستان بھر سے ڈاکٹرز اور پروفیسرز نے شرکت کی۔