ارمینہ رانا کا اپنی ذہنی کیفیت کے بارے میں انکشاف

15 Jan, 2021 | 03:31 PM

Sughra Afzal

گلبرگ (زین مدنی) معروف اداکارہ ارمینہ رانا خان نے بھی اپنی ذہنی کیفیت کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔

 اداکارہ ارمینہ رانا خان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی میں انزائٹی کے ساتھ ساتھ کئی اور مسائل کا شکار بھی ہوچکی ہیں، جبکہ انہوں نے مداحوں کو اس کیفیت سے نکلنے کے مشورے بھی دیئے۔

  ارمینہ رانا خان نے مزید کہا کہ میں کافی روز سے اس بات پر غور کررہی تھی کہ یہ پوسٹ کروں یا نہیں، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے اس سفر کی چھوٹی سی کہانی آپ کے ساتھ شیئر کروں، تو اس دہائی میں مجھے بھوک کی کمی، انزائٹی اور احساس کمتری جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے اپنی دو تصاویر اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کی اور لکھا کہ 'یہاں میرا وزن صرف 39 کلو تھا کیوں کہ میری خوراک بہت کم تھی، میں بہت بیمار تھی، میں یہ کہانی اس لیے شیئر کررہی ہوں کیوں کہ میں مظلوم نہیں جیتنے والی ہوں، میں نے ان تمام مسائل پر قابو پایا اور گزشتہ کچھ سالوں میں یہی میری سب سے بڑی کامیاب رہی۔ 

ارمینہ کے مطابق 'اب میں اپنے آپ سے خوش ہوں، میں وہ کھاتی ہوں جو صحت کے لیے ٹھیک ہو، یہ پوسٹ کرنے کی میری واحد وجہ یہ تھی کہ میں آپ کو بتا سکوں کہ چاہے کچھ بھی ہو آپ خوبصورت ہیں پھر چاہے آپ کا وزن کتنا بھی ہو، کسی کو یہ اجازت نہ دیں کہ وہ آپ پر تنقید کرے۔

کچھ روز قبل ارمینہ رانا خان نے  سیاہ لباس میں انسٹاگرام پر تصویر اپ لوڈ کی اور اس تصویر کو اپنے شوہر فصل خان کے لئے وقف کیا ، اس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کئی صارفین نے تو انہیں سنگین دھمکیاں بھی دیں۔

مزیدخبریں