توہین عدالت کی درخواست پر کمشنر لاہور، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری

15 Jan, 2021 | 11:46 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت، عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے میسرز ٹریڈ مارکیٹنگ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ سائن بورڈ لگانے کا کام کرتا ہے، ایم سی ایل نے غیر قانونی ان کے سائن بورڈ پر لیوی ٹیکس کا نفاد کر دیا، ٹیکس نفاذ کے خلاف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر افسران کو درخواستیں دیں، افسران سے دادرسی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے اس کی درخواست دادرسی کیلئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور کمشنر لاہور ڈویژن کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق دادراسی کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت کے 3 جولائی 2020 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی۔

 درخواستگزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور کمشنر لاہور ڈویژن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، درخواستگزار کی استدعا پر عدالت نے سیکرٹری ساجد محمود چوہان اور کمشنر ذوالفقار گھمن کو بطور ایڈمنسٹریٹر ایل ایم سی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

 واضح رہےکہ   لاہور ہائیکورٹ میں جنوری کے پہلے 15روز میں توہین عدالت کی درخواستوں کی تعداد25 سے تجاوز کر گئی، ہائیکورٹ میں چیف سیکرٹری، آئی جی سمیت دیگر افسران کیخلاف چیف جسٹس سمیت 6 عدالتوں میں توہین عدالت کی درخواستیں زیر سماعت ہیں،  چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک سمیت دیگر افسران توہین عدالت کی درخواستوں میں کئی مرتبہ عدالتوں میں پیش ہوچکے ہیں، افسران کی جانب سے عدالتی فیصلوں پر بروقت عملدرآمد نہ ہونے سے سائلین پریشان ہیں۔

مزیدخبریں