غوث الاعظم روڈ (زین مدنی ) اداکارہ ایشل فیاض نے اپنی اور مصنف خلیل الرحمن قمر سے شادی کی خبروں کی تردید کردی۔
گزشتہ دِنوں سے اداکارہ ایشل فیاض اور معروف مصنف خلیل الرحمن قمر کی شادی سے متعلق خبریں زیرِ گردش ہیں کہ انہوں نے اداکارہ ایشل فیاض سے دوسری شادی کرلی ہے۔ اِسی سلسلے میں اداکارہ ایشل فیاض کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے متعلق جو بھی خبریں چل رہی ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں ہے یہ سب جھوٹی ہیں۔
ایشل فیاض نے کہا کہ میری کسی کے ساتھ بھی شادی نہیں ہوئی ہے میں غیر شادی شدہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا اور خلیل الرحمن کا رشتہ صرف اور صرف ایک اداکارہ اور ڈائیریکٹر کا ہے، اِس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ جس کسی نے بھی یہ جھوٹی خبر پھیلائی ہے ان کو کسی نے بھی یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ تصدیق کیے بغیر ایسے کسی کی بھی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائے۔ میں ابھی بھی ڈراموں اور فلموں میں کام کر رہی ہوں اور میری جب بھی جس سے بھی شادی ہوگی سب سے پہلے آپ لوگوں کو ہی پتا چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک میرا کسی سے بھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے میں صرف اپنے کام پر توجہ دے رہی ہوں۔اداکارہ نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ میرا یہ ویڈیو بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ لوگوں کو سچ اور جھوٹ کے بارے میں پتا چل جائے۔