حافظ شہبازعلی: پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم کے کوچز نے کھلاڑیوں کی جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ کا آغاز کردیا، جونئیر ہاکی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو مختلف ویڈیوز دکھا کر لیکچرز دئیےگئے۔
دیر آیا درست آیا کے مترادف پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم کے کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کی جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ کا آغاز کردیا، پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کومختلف ویڈیوز دکھا کر ان کو کوچنگ کے حوالے سے لیکچرزدئیے گئے، ویڈیو لیکچرز کے دوران کھلاڑیوں کو مختلف پوزیشنز پر صورت حال کوکنڑول کرنے کے حوالے سے کوچنگ ٹپس دی گئیں۔
ہیڈ کوچ دانش کلیم، کوچ اولمپئین محمد عمران، مدثر علی خان اور رانا ظہیر نے کھلاڑیوں کو جدید ہاکی کے حوالے سے لیکچرز دئیے، ویڈیوز لیکچرز کے بعد میدان میں کھلاڑیوں کوعملی طور مختلف ڈرلز بھی کروائی گئیں۔
کیمپ کے پہلے فیز میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور جد ید تقاضوں سے ہم آہنگ فزیکل ٹرینرز نصر اللہ رانا اور عابد امین نوجوان کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے ان کو خصوصی ڈرلز کروارہے ہیں، فزیکل فٹنس کے حوالے سے صبح دوگھنٹے کا خصوصی سیشن کروایا جات ہے، کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ ہفتے کیمپ میں کھلاڑیون کو شارٹ لسٹ کیا جائےگا۔