(سید فخرامام)حکمران چین کی بانسری بجا ئے، پولیس موج اڑائے، بینک سے رقم نکلواکر جانے والے مقامی فیکٹری کے عملے کو ڈاکوؤں نے روک لیا،مزاحمت کرنے پرگارڈ قتل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بڑھتے جرائم اور ڈاکو راج برقرار ہے،شہر ڈکیتوں کے حوالے اور ڈکیت شہریوں کے خون کے پیاسے ، مانگا منڈی کے علاقہ رائیونڈ روڈ پربینک سے 5 لاکھ نقدی لے کرآنے والے نجی کمپنی کے عملے کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پرروک لیا،گاڑی میں کمپنی کا اکائونٹنٹ ،گارڈ اور ڈرائیور سوار تھے۔
گارڈ نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے حفیظ الرحمان نامی گارڈ کو قتل کردیا اور 5 لاکھ کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے،مقتول حفیظ الرحمان مانسہرہ کا رہائِشی تھا،جو لاہور کی نجی کمپنی میں بطور گارڈ نوکری کررہا تھا۔
گزشتہ 2 ہفتوں میں ڈکیتی کے دوران گارڈ کو قتل کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے،اس سے پہلے ڈکیتی کے دوران سندر اور کوٹ لکھپت میں گارڈ کو قتل کیا گیا تھا ،اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے شواہد اکٹھے کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔