( عابد چودھری) پولیس کا کام شالامار لنک روڈ کے تاجروں نے خود ہی کر لیا، مغلپورہ میں شہریوں نے موٹرسائیکلیں چرانے والے چھوٹو گینگ کو سی سی ٹی وی کی مدد سے دھر لیا، تاجروں نے چھوٹے چور وں کو پولیس کے حوالے کردیا۔
شہریوں نے بتایا کہ مغلپورہ میں کمسن موٹرسائیکل چوروں کا گروہ سرگرم تھا، کمسن چوروں کا یہ گروہ انتہائی مہارت کے ساتھ شہریوں کی موٹرسائیکلیں غائب کرتا اور پھر سستے داموں فروخت کر دیتا تھا، کمسن چوروں کے گروہ میں ایک بچی بھی شامل تھی، چھوٹو گینگ پہلے موٹرسائیکلوں کا لاک چیک کرتا اور پھر سائیڈ لاک نہ ہونے پر موٹرسائیکل لیکر رفو چکر ہو جاتا، چور گروہ نے ایک ماہ کے دوران متعدد موٹر سائیکلیں چوری کیں۔
سٹی 42 کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں کمسن چوروں کو موٹرسائیکلیں چوری کرتے دیکھا جا سکتا ہے،کمسن چوروں کی عمریں 8 سے 10سال کے درمیان ہیں جنہیں واردات کرتے ہوئے مغلپورہ کے تاجروں نے رنگے ہاتھوں دھر لیا ،شہریوں نے چھوٹے چوروں کے قبضے سے4موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں ،دوسر ی طرف پولیس کا کہناتھا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے جن سے مزید ریکوری کی اُمید ہے۔