عثمان علیم: خادم پنجاب اجالا پروگرام التوا کا شکار، وزیر اعلی نے محکمہ انرجی کو ساڑھے 5 ارب کی لاگت سے پنجاب کے دس ہزار سکولوں کو مئی تک سولرائزڈ کرنے کی نئی ڈیڈلائن دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں کو سولرائزڈ کرنے کے لیے خادم پنجاب اجالا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جو کہ تاحال التوا کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب نے منصوبے میں تاخیر پر محکمہ انرجی کے متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے سکولوں کو مئی تک سولرائزڈ کرنے کے لیے نئی ڈیڈ لائن دے دی۔
انہوں نے احکامات جاری کیے ہیں کہ مئی تک جنوبی پنجاب کے سکولوں کوسولر پینلز پر منتقل کرنے کا کام مکمل کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ساڑھے5میں سے4 ارب روپے منصوبے پر عملدرآمد کرانے کے لیے محکمہ انرجی کو منتقل کر دئیے گئے ہیں۔ منصوبے کے لیے درکار مزید ڈیڑھ ارب روپے جلد فراہم کر دئیے جائیں گے۔
دوسری جانب سینٹرل پنجاب اور نارتھ پنجاب اجالا پروگرام کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے 27 اضلاع میں موجود سکولوں کو سولرائزڈ کرنے کے لیے پلاننگ کمیشن کی تیاری بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ جسے جلد مکمل کر کے منظوری کے لیے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ارسال کیا جائیگا۔ مئی سے قبل لاہور سمیت پنجاب کے مزید 27 اضلاع میں خادم پنجاب اجلاس پروگرام کو توسیع دی جائے گی۔