قذافی بٹ: سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ شریف خاندان کے عدلیہ اور فوج کے خلاف بیانات جاری ہوئے ہیں اور عدالتیں شریف خاندان پر نرم ہاتھ رکھے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نرم مزاج ہیں اس لئے نواز شریف کے خلاف ایکشن نہیں لے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 جنوری کا احتجاج صرف قصورلاہور میں نہیں بلکہ پورے پنجاب میں بچوں کیلئے ہے۔
سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی کارکرد گی بہت خراب ہے۔ پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کو مجبور کریں گے کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کو انصاف دیں۔ انصاف وزیراعلی اور دیگر کے استعفوں کے بنا ممکن نہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ وزیراعلی شہباز شریف عہدے پر رہے تو تحقیقات پر اثرانداز ہوں گے۔ حکومت کا باقر نجفی کی رپورٹ پر اعتراض بے جاہے۔