سٹی42: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر ان کے نمائندوں کا وفد جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان خان کے ساتھ مفاہمت اور مذاکرات کے لئے گھر پہنچ گیا۔
مولانا فضل الرحمان خان نے پی ٹی آئی کے وفد کے ساتھ اپنے ڈرائینگ روم مین ابتدائی مذاکرات کئے۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بھیجے ہوئے وفد میں اسد قیصر، عامر ڈوگر، بیرسٹرسیف، عمیر نیازی شامل ہیں۔ مولانا فضل الرحمان خان نے اس وفد کا گرم جوشی کے ساتھ خیر مقدم کیا۔
اسد قیصر نے فضل الرحمان خان کو عمران خان کا پیغام پہنچایا
جمعیت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ملاقات میں حالیہ انتخابات اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے تحفظات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفد نے بانی چیئرمین کا پیغام مولانا فضل الرحمان کو دیا۔ وفد نے مولانا کو اپوزیشن میں ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وفد نے قومی اسمبلی کے الیکشن میں عمران خان نے امیدوار کے لئے وزیراعظم کا ووٹ بھی مولانا فضل الرحمان سے مانگا۔
ہمارے ساتھ بدترین دھاندلی ہوئی: اسد قیصر، ہمیں بھی تحفظات ہیں: فضل الرحمان
ملاقات میں عمران خان کے نمائندہ اسد قیصر نے کہا کہ ان کے ساتھ حالیہ انتخابات میں ملک کی تاریخ میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمان خان نے کہا کہ ہمیں بھی اس انتخابات پر تحفظات ہیں۔
اسد قیصر نے پیش کش کی کہ حکومت بنی یا نہ بنی ہم ساتھ چلیں گے۔عمر ایوب ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، امید ہے آپ تعاون کریں گے۔ اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان خان کو پیشکش کی کہ اپوزیشن بھی ساتھ مل کریں گے۔اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے کردار ختم کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان خان نے عمران خان کے نمائندوں سے اپنی پارٹی کی جنرل کونسل سے مشاورت کرنے کے لئے وقت مانگ لیا۔