سٹی42: خوشاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 میں 26 پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کے بعد کل پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا 331 غیر حتمی، غیر سرکاری رزلٹ سامنے آ گیا۔
331پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی غیر سرکاری مکمل رزلٹ کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے گل اصغر بگھور 87805 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ آزاد امیدوار معظم شیر 70186 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے۔ آ زاد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد اکرم خان نیازی کو 58301 ووٹ ملے۔
این اے 88 میں 26 پولنگ سٹیشنوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر ری پولنگ آج جمعرات کے روز صبح آٹح بجے سے شام پانچ بجے تک ہوئی۔ این اے 88 کے ان 26 پولنگ اسٹیشنز پر 8 فروری کو ہنگامہ آرائی کے باعث نتائج روک دیے گئے تھے ۔
گل اصغر خان بگھور نے 5 اپریل 2021 کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84(پرانا نمبر) کا ضمنی الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر لڑا تھا۔ وہ نو مئی کو ریاستی اداروں پر حملوں کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے الگ ہو گئے تھے، بعد ازاں انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی جوائن کر لی۔ 8 فروری کے عام انتخابات میں اس حلقہ میں بد امنی کے واقعات سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چھبیس پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ دوبارہ کروانے کا حکم دیا تھا۔ آج ہونے والی پولنگ میں تمام پولنگ سٹیشنوں پر بد امنی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔