سٹی42: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پاکستان کے 8 فروری کے الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے امریکہ اور امریکہ کے دوست ممالک سے پاکستان پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے اور "سدباب کرنے کے لئے کہنے" کی درخواست کر دی۔
اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے دوران اسد قیصر کے ساتھ موجود بیرسٹر سیف نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان نے امریکہ کے حوالے سے خاص طور پر پیغام دیا ہے کہ امریکا نے تمام الیکشن کو مانیٹر کیا، ساری دنیا نے مانیٹر کیا، دنیا کی تمام ایجنسیوں نے مانیٹر کیا لیکن امریکہ کی طرف سے جس قسم کا پیغام آیا ہے اس میں مزید وزن ڈالنا چاہئے۔ اس میں مزید سٹریس ہونا چاہئے کہ پاکستان کے اندر جو الیکشن میں دھاندلیاں ہوئی ہیں، جو بد انتظامی کا مظاہرہ کیا ہے، اس کی مذمت کرنا امریکہ کا فرض بنتا ہے، امریکہ نے یہ فرض پوری طرح سے ادا نہیں کیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے امریکہ کے لئے پیغام ہے کہ امریکہ کے لئے اس وقت موقع ہے کہ وہ اپنے ماضی کےکردار کو مزید صاف کرنے کے لئے, جمہوری بنانے کے لئے, کریڈیبل بنانے کے لئے پاکستان کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلیوں پر نظر رکھے اور اس میں جو بھی لوگ ملوث ہیں ان سے یہ کہے، اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے کہ وہ اس کا سدباب کریں، کیونکہ یہ جمہوریت کے نام پر جمہوریت سے دھوکا ہے۔ امریکہ جو جمہوریت کا پوری دنیا میں چیمپئین بنتا ہے اور جمہوریت کے استحام کے دعوے کرتا ہے، یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان میں الیکشن کی شفافیت پر آواز اٹھائیں۔یہ عمران خان کی طرف سے پیغام تھا اور میں امریکہ اور اس کے جو دیگر اتحادی ممالک ہیں جو پاکستان کے معاملات میں ہمیشہ بیان بازی کرتے ہیں، میں ان تک یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہوں۔