حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ’غار حرا‘ کی زیارت کروانے کیلئے نیا منصوبہ

15 Feb, 2023 | 11:58 AM

ویب ڈیسک:سعودی عرب کی حکومت نے حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہلی وحی کے نزول کے مقام یعنی ’ غار حرا‘ کی زیارت کروانے کے لئے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے۔

رائل کمیشن برائے مقدس شہر مکہ و مقدس مقامات کی زیر نگرانی شروع ہونے والے اس منصوبے کو’ حرا ثقافتی کالونی‘ کا نام دیا گیا ہے، جو 67 ہزار مربع میٹر سے زائد کے رقبے پر قائم ثقافتی اور سیاحتی مقام ہے۔

یہ منصوبہ جبل نور اور اس پر موجود غار حرا کی تاریخی اہمیت اجاگر کرتا ہے، اس منصوبے کا مقصد مکہ مکرمہ میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور زائرین کو مقام حرا تک پہنچنے کی نئی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس کے ساتھ اس پراجیکٹ کا مقصد زائرین اور عمرہ زائرین کے تجربے کو مزید تقویت دینا ہے اور ساتھ ہی شہر میں مذہبی سیاحت کی تحریک کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

سمایا انویسٹمنٹ کمپنی کے سی ای او فواز المحرج نے کہا کہ زائرین اور عمرہ کرنے والوں کے اس طبقے کوہدف بنایا گیا ہے اور ثقافتی پہلو کے لحاظ سے ان کے لیے موزوں جگہیں تیار کی گئی ہیں، جن میں بیٹھنے کی جگہوں کے علاوہ تین عجائب گھر بھی شامل ہیں۔ ان کے آرام کے لیے بھی جگہ تیار کی جا رہی ہے۔

مکۃ المکرمہ شہر کے شاہی کمیشن کے سی ای او کے مشیر حسین ابو الحسن نے اس منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ حرا ثقافتی کالونی کی ترقی میں حصہ لے گا۔

مزیدخبریں