(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے دوہری شہریت کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف وسیم سجاد ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن تاحیات نا اہلی کا فیصلہ دینے کا مجاز نہ تھا، اس کا 9 فروری 2022 کا تاحیات نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں سابق وزیر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا ہے اور ان کا بطور سینیٹر نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دیا تھا جس کےبعد ان کا بطور سینیٹر الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا 2 ماہ میں تمام مالی مفادات اورمراعات واپس کریں، انہوں نے جرم چھپانے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔