(یاور ذولفقار) لیگی رہنما رانا مشہود احمد خان نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وزارت داخلہ، ڈائریکٹر امیگریشن، ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے 2017 میں انکوائری بند کرنے کا لیٹر جاری کیا، اب نیب نے دوبارہ انکوائری کھول کر کردار کشی کی مہم شروع کر رکھی ہے، جبکہ صرف انکوائری کی بنیاد پر نام بلیک لسٹ اور اب ای سی ایل میں ڈالوایا گیا ہے۔
نیب میں کئی برسوں سے جاری انکوائری میں مسلسل پیش ہوتا رہا ہوں اور اب نیب ہائیکورٹ میں پہلے دائر کی گئی درخواست میں بھی نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق کوئی بھی وجہ نہیں بتا سکا ہے، نیب نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے غیرقانونی اقدامات کو چھپانے کیلئے31 جنوری کو پھر سے طلبی کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام آرٹیکل 4، 8، 9 اور 25 کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے اور وفاقی حکومت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا میمورنڈم غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔