پاکستان اور بھارت کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئے

15 Feb, 2020 | 10:02 PM

Malik Sultan Awan

(حافظ شہباز علی) پاکستان اور بھارت نے کبڈی ورلڈکپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، آسٹریلیا اور ایران کی ٹیموں کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں کا شاندار کھیل ایرانی ٹیم کو بے بس کردیا۔
پاکستان نے ایران اور بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ورلڈ کبڈی کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا،  پنجاب اسٹیڈیم میں ہونے والے دونوں سیمی فائنل مقابلے یکطرفہ ثابت ہو ئے، پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن بھارت نے آسٹریلیا کو32 کے مقابلے میں 42 پوائنٹس سے شکست دی، میچ کے دوران بھارتی کپتان نمی سنگھ زخمی ہوکرمیدان سے باہر چلے گئے۔ میچ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا تاہم دوسرے ہاف میں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو 30 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس کے واضح فرق سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ورلڈکپ فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، میچ کے آغاز میں ایرانی کھلاڑیوں نے پاکستان کو ٹف دیا تاہم پاکستان نے چند منٹ بعد ہی اپنی گرفت مضبوط کرلی،  ہاف ٹائم پر پاکستان کو 17 کے مقابلے میں 29 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی،  دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم پوری طرح کھیل پر حاوی رہی اور پاکستان نے 30 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستان کے شہزاد اکمل ، وقاص بٹ، عرفان مانا، مشرف جاوید جنجوعہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا، کبڈی ورلڈکپ فائنل میں پانچویں مرتبہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی جبکہ فائنل سے قبل ایران اور آسٹریلیا تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں مدمقابل ہوں گی، ورلڈکپ فائنل رات سات بجے شروع ہوگا۔

مزیدخبریں