(شہزاد خان) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں رواں کاروباری ہفتے کے اختتام تک سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔کاروباری ہفتے کے اختتام تک مجموعی طورپر سونا دوسو پچاس روپے فی تولہ مہنگا ہوگیا، سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہونے کے باعث صرافہ بازار ویران رہے۔
صرافہ بازاروں میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر فی تولہ سونے کی قیمت دوسو پچاس روپے بڑھی جس کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونا نوے ہزار نوسو پچاس روپے کا رہا اور بایئس قیراط فی تولہ سونا تراسی ہزار تین سو ستر روپے کا رہا، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا تیرہ ڈالر مہنگا ہوگیا جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت ایک ہزار پانچ سو تراسی ڈالر رہی۔سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہونے کے باعث سونے کی تجارت شدید مندی کا شکار ہے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں گاہک نہ ہونے کے برابر ہیں سونے کی مانگ نہ ہونے کے باعث سونے کے زیورات تیار کرنے والے کاریگرز کا روزگار بھی خطرے میں پڑگیا ہے۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کا آخری روز میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے سستا ہو گیا، ڈالر کی اوپن مارکیٹ قیمت خرید 154 روپے 90 پیسے مقرر ہوئی۔ گزشتہ روز انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں 5پیسے کی مزید کمی ہوئی اوراوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا جب کہ یورو کی قدر میں کمی اور برطانوی پاؤنڈ ،سعودی ریال اور یواے ای درہم کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں30پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید154.60روپے سے کم کر 154.30 روپے اور قیمت فروخت 154.70 روپے سے گھٹ کر154.40روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 154.90 روپے اور قیمت فروخت 154.50 روپے مستحکم رہی ۔
گزشتہ دنوں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے100انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں 50 پیسے اور انٹر بینک میں 5 پیسے کی کمی آئی جبکہ فی تولہ سونا 1ہزار روپے سستا ہوا تھا۔