نان رجسٹرڈگاڑیاں بند،چالان اورکاغذات ضبط

15 Feb, 2020 | 07:16 PM

M .SAJID .KHAN

(علی ساہی) ٹوکن ٹیکس نادہندہ اورنان رجسٹرڈگاڑی مالکان کیخلاف شہربھر میں ناکہ بندی کی گئی، محکمہ ایکسائز نےنان رجسٹرڈگاڑیوں کےچالان اورکاغذات ضبط کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائزکی شہرکے داخلی وخارجی راستوں سمیت اہم شاہراہوں پرنان رجسٹرڈگاڑیوں کےچالان اورکاغذات ضبط کرلیےجبکہ دو سال سےزائد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیاں بندکردی گئیں، ڈی جی ایکسائزسہیل شہزاد کے حکم پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں وطین چوک اورلبرٹی گول چکر پرناکہ بندی کی گئی،ای ٹی اوز کی سربراہی میں ناکہ بندی کےدوران پانچ سوبارہ سے زائدگاڑیوں کے چالان جبکہ بارہ گاڑیاں بند کردی گئیں۔

ڈائریکٹررانا قمرالحسن سجادکا کہنا کہ تھا کہ دو سال سے زائدٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کوبند کیا جارہا ہے،جبکہ اس سے کم عرصہ اور نان رجسٹرڈ گاڑی مالکان کےچالان کرکےکاغذات ضبط کیےجارہےہیں۔شہری بروقت اپنی گاڑیاں اپنےنام کرائیں اور واجبات ادا کریں،ہرمنگل اور ہفتے کوشہرمیں ناکہ بندی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ  محکمہ ایکسائزنے بائیومیٹرک تصدیق کیساتھ گاڑیوں کی ٹرانسفر و رجسٹریشن اپریل میں شروع کرنے کافیصلہ بھی کیا ہے،لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاکھوں کی تعداد میں ایسی گاڑیاں موجودہیں جو کئی سالوں سے فروخت ہوچکی ہیں لیکن خریدار نے ٹرانسفر فیس سے بچنے کیلئے گاڑی اپنے نام نہیں کروائی جس سے ایک تو فروخت کنندہ کو خریدار کی جانب سے گاڑی کے غلط استعمال پر نقصان ہوتا ہے دوسری جانب حکومت کا کروڑوں روپے ٹیکس ہر سال ضائع ہوجاتا ہے جبکہ جعلساز اور ایکسائز میں موجود کالی بھیڑیں جعلی کاغذات پر شہریوں کی گاڑیاں ٹرانسفر کردیتے ہیں۔

ایسے مسائل سے نمٹنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کیلئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروانے کے اقدامات حتمی مراحل میں پہنچ گئے ہیں، سیکرٹری ایکسائز اگلے ہفتے نادرا اور پی آئی ٹی بی کیساتھ میٹنگ کرکے افتتاح کی تاریخ طے کریں گے۔

نادرا کی جانب سے بائیو میٹرک تصدیق کیلئے خریدار کو 300 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے جو نادرا کے کھاتے میں جائیں گے جبکہ شہری کسی بھی شہرمیں نادرا کے سہولت مرکز میں جا کر بائیو میٹرک تصدیق کرواسکتے ہیں ۔

مزیدخبریں