علی امین کے الزامات فساد پر مبنی، قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے، عطا تارڑ

15 Dec, 2024 | 03:10 PM

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے الزامات جھوٹ اور فساد پر مبنی ہیں، یہ لوگوں کو تشدد پر اکسا کر دوڑ لگا کر بھاگ جاتے ہیں۔ 

عطاءاللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے الزامات کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے، ان کے الزامات جھوٹ اور فساد پر مبنی ہیں، فارن میڈیا کو خیبر پختونخوا میں بلا کر گمراہ کن بریفنگ دی جا رہی ہے، حقائق عوام کے علم میں ہونے چاہئیں، شرپسندی اور ملک دشمنی کو کھل کر سامنے آنا چاہئے، بھڑکیں مارنے، دھمکیاں دینے اور الزامات لگانے کا سلسلہ ان کا وطیرہ ہے، 2014ءمیں انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، قانون نافذ کرنے والے جوانوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو تشدد پر اکسا کر دوڑ لگا کر بھاگ جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلی کال پرامن نہیں ہوگی، سوال یہ ہے کہ آپ کا اس سے پہلے کون سا احتجاج پرامن تھا؟ 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے سوا ان کا کوئی کام نہیں، آپ نے پہلے 1200 کی لاشوں کا جھوٹا پروپیگنڈا  بنایا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اپنے خطاب میں کارکنوں کو ورغلا رہی تھیں، علی امین اور بشریٰ بی بی اپنے کارکنوں کو ڈی چوک پر تنہاءچھوڑ کر کیوں بھاگے؟  آپ سیاسی، اخلاقی اور انتظامی طور پر ناکام ہیں، آپ صوبے کے معاملات سنبھالنے میں ناکام ہیں، آپ نے نو مئی کو جو کچھ کیا قوم کبھی نہیں بھولے گی، نو مئی کے ملزمان کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں ۔ 

مزیدخبریں