سٹی 42 : جنوبی یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے پر دفتر خارجہ کی جانب سے اہم بیان سامنے آگیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یونان کے جزیرے کریٹ میں گزشتہ روز کشتیوں کے الٹنے کے واقعات کے بعد بچائے جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں، مرنے والوں میں ایک پاکستانی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر ہم ہلاک یا لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایتھنز میں پاکستان کا سفارت خانہ ہیلینک کوسٹ گارڈ اور چانیا کے کوسٹ گارڈ کے ساتھ رابطے میں ہے، کوسٹ گارڈز براہ راست تلاش اور بچاؤ آپریشن سے نمٹ رہے ہیں۔ سفارتخانے کے اہلکار بازیاب کرائے گئے پاکستانیوں سے ملنے اور انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے کریٹ پہنچ گئے ہیں ۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ لاپتہ پاکستانیوں کے اہل خانہ +30-6943850188 نمبر پر پاکستانی سفارت خانہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد کم از کم 5 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے تھے جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے،2023 میں یونان کے قریب بحیرہ روم میں تقریباً 400 پاکستانیوں سمیت 800 تارکین وطن پر مشتمل کشتی ڈوب گئی تھی جن میں سے محض 104 افراد کو زندہ ریسکیو کیا جاسکا تھا۔